ہبلی، 12اپریل (ایس او نیوز ) دو مزدور جو خشک بورویل کو دوبارہ کھودنے کے دوران 40فیٹ کے گہرے گڑھے میں گرگئے تھے ' زندہ اس وقت دفن ہوگئے جب وہ کرناٹک کے گدگ ضلع کے رون تعلقہ کے ساوڑی گاوں میں زمین کھود رہے تھے ۔ فائربریگیڈ کے ملازمین نے بھاری مشینوں کے استعمال کے ذریعہ 5 گھنٹے تک چلائی گئی بچاو کارروائی کے بعد بسواراج اور شنکر نامی ان دونوں کی نعشیں نکالیں ۔ اس واقعہ پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے وزیر دیہی ترقی و پنچایت راج ایچ کے پاٹل جو گدگ ضلع کے انچارج وزیر بھی ہیں ' نے بنگلورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اراضی کے مالک بسپا مستری نے خشک بورویل کو دوبارہ کھودنے کے کام کا آغاز کیا۔ انہو ں نے کہا کہ مزدوروں نے کیسنگ پائپ ہٹایا اور دوسرا کیسنگ پائپ ہٹانے کے دوران زمین کی کھدائی کی ۔ اسی دوران وہ زمین میں دفن ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی رکن اسمبلی نے چیف منسٹر سدارامیا سے اپیل کی ہے کہ ان دونوں مرنے والے افراد کے ارکان خاندان کے لئے معاوضہ کاا علان کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر وزیراعلیٰ سے بات کریں گے اور موزوں معاوضہ کا اعلان کیا جائے گا۔ پاٹل نے کہا کہ میں یہ سمجھتا ہوں کہ یہ مزدور جو اسی گاوں کے ہیں ' نے کچھ رقم کیلئے یہ خطرہ اٹھایا۔